عبدالسلام علی سے
کراچی میں پاکستان کی پہلی نیٹ فلیکس سیریز جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو کے ٹریلر اور میوزک لانچنگ تقریب منعقد ہوئی جس میں شوبز ستاروں کی کہکشاں اتر آئی ، تقریب میں اداکارہ ہانیہ عامر،اقرا عزیز، حمز ہ علی عباسی ،نادیہ خان، احمد علی اکبر سمیت کئی معروف شخصیات نظر آئیں۔
نیٹ فلکس اور نجی ٹی وی کے اشتراک سے بننے والی یہ سیریز معروف مصنفہ فرحت اشتیاق کے اسی نام کے ناول پر مبنی ہے، جو پہلی مرتبہ 2009 میں خواتین ڈائجسٹ میں شائع ہوا تھا جبکہ 2013 میں اسے کتابی شکل دی گئی۔ سیریز میں تین نسلوں کی کہانی دکھائی جائے گی جس میں احد رضا میر سکندر شہریار جبکہ اقرا عزیز لیزا کا مرکزی کردار نبھائیں گی۔
فواد خان محمود، ماہرہ خان راحت، ہانیہ عامر سیم، حمزہ علی عباسی شہریار، مایا علی آمنہ، بلال اشرف وقار، صنم سعید وٹوریا، احمد علی اکبر جہانزیب اور خوشحال خان زین کے کردار میں نظر آئیں گے۔
دیگر کاسٹ میں آمنہ شیخ، نادیہ خان، نادیہ جمیل، عمیر رانا اور سامعہ ممتاز بھی شامل ہیں۔ یہ سیریز چار دسمبر سے نیٹ فلیکس کی زینت بنے گی