وزیراعظم کا سرکاری اداروں کی نجکاری تیز کرنے کا حکم

اسلام آباد: (7نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے خسارے میں چلنے والے سرکاری ملکیتی اداروں اور سرکاری املاک کی نجکاری کا عمل مزید تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ غیر فعال اور خسارے میں چلنے والے اداروں کی نجکاری ملکی معیشت کی بہتری، قومی خزانے پر بوجھ کم کرنے اور معاشی استحکام کے لیے انتہائی اہم ہے۔

وزیراعظم کی زیر صدارت سرکاری ملکیتی اداروں اور املاک کی نجکاری سے متعلق پیش رفت کا جائزہ اجلاس ہوا، جس میں نجکاری کمیشن کے زیرِ عمل منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اُنہوں نے ہدایت کی کہ نجکاری کا عمل تیز کیا جائے اور تمام منصوبے مقررہ وقت میں مکمل کیے جائیں اور قانونی رکاوٹوں کو نجکاری کے عمل میں تاخیر کا سبب نہ بننے دیا جائے اور ان کے حل کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

وزیراعظم نے مزید خسارے میں چلنے والے سرکاری اداروں کی نشاندہی کرنے کی بھی ہدایت کی تاکہ انہیں نجکاری کے عمل میں شامل کیا جا سکے۔

اجلاس کو بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں آئیسکو، لیسکو، گیپکو سمیت دیگر اداروں کی نجکاری کے حوالے سے پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔

زرعی ترقیاتی بینک لمیٹڈ اور سٹیٹ لائف انشورنس کمپنی کی نجکاری سے متعلق امور پر بھی بریفنگ دی گئی اورشرکا کو بتایا گیا کہ نجکاری کے تمام جاری منصوبے طے شدہ شیڈول کے مطابق آگے بڑھ رہے ہیں۔

اجلاس میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی (P3A) سے متعلق امور بھی زیر غور آئے، بریفنگ میں بتایا گیا کہ اصلاحاتی پالیسی کے تحت پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی کو نجکاری کمیشن میں ضم کرنے کا بل پارلیمنٹ میں منظوری کے لیے پیش کر دیا گیا ہے، اصلاحات کے بعد اتھارٹی کا کردار مشاورتی نوعیت سے تبدیل ہو کر منصوبوں پر عمل درآمد کا ہو جائے گا۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی اس وقت ایک ہزار 352 ارب روپے مالیت کے 15 منصوبوں پر کام کر رہی ہے، جن میں ایم 6، ایم 13، ایم 10، گرو نانک ایکسپریس وے، قصر ناز اور کراچی انڈسٹریل پارک سمیت دیگر منصوبے شامل ہیں۔

اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزراء ڈاکٹر مصدق مسعود ملک، اعظم نذیر تارڑ، محمد اورنگزیب، احد خان چیمہ، عطاء اللہ تارڑ، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، چیئرمین نجکاری کمیشن محمد علی، قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے نجکاری کے چیئرمین ڈاکٹر فاروق ستار اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اپنا تبصرہ لکھیں