27 اکتوبر کو مقبوضہ جموں و کشمیر پر بھارتی غاصبانہ قبضے کے خلاف دنیا بھر کی طرح جنوبی افریقہ میں بھی پاکستانی اور کشمیری برادری نے شدید احتجاج کرتے ہوئے ‘یومِ سیاہ’ منایا۔ ہزاروں میل دور دیارِ غیر میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے رہنماؤں اور تنظیمی نمایندوں نے ویڈیو پیغامات اور ریلیوں کے ذریعے کشمیری عوام کی لازوال قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔
جنوبی افریقہ سے جاری کردہ پیغامات میں پاکستانی برادری کے رہنماؤں نے کہا کہ کشمیری عوام دہائیوں سے بھارتی ریاستی جبر، مظالم اور حقِ خودارادیت کی سلب کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہوں نے اقوامِ متحدہ اور عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بھارت کے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر مبنی رویے کا نوٹس لیں اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے فوری اور منصفانہ حل کے لیے اپنا اثر و رسوخ استعمال کریں۔