چین کی وزارت خارجہ کی ترجمان مس ماو ننگ کی نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے اہم ملاقات، دوطرفہ تعلقیات مزید مضبوط بنانے پر اتفاق
چین کی وزارت خارجہ کی ترجمان مس ماو ننگ نے اسلام آباد میں ڈائریکٹر جنرل اور وزارتِ خارجہ کے اعلیٰ حکام کے ہمراہ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے ان کے دفتر میں اہم ملاقات کی ہے۔ ملاقات کے دوران مس ماو ننگ نے چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی کی جانب سے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کے لیے گرم جوش اور خیر سگالی کے پیغامات پہنچائے، جس پر اسحاق ڈار نے چینی ہم منصب کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
نائب وزیراعظم نے چینی ترجمان کا پاکستان آمد پر پرخلوص خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کے مابین آل ویدر اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ لازوال ہے اور پاکستان اس دیرینہ شراکت داری کو تمام شعبوں میں مزید مستحکم کرنے کے عزم پر قائم ہے۔ انہوں نے پاک چین ترجمانوں کے ڈائیلاگ کو دونوں ممالک کے درمیان میڈیا تعاون، اسٹریٹجک مواصلات اور پبلک ڈپلومیسی کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے ایک انتہائی اہم اور فعال پلیٹ فارم قرار دیا۔ اس موقع پر مس ماو ننگ نے خطے میں امن، استحکام اور پرامن بقائے باہمی کے فروغ کے لیے پاکستان کے مثبت اور تعمیری کردار کی تعریف کی اور چین کی طرف سے پاکستان کے ساتھ پائیدار تعلقات اور ہمہ جہت تعاون جاری رکھنے کا اعادہ کیا۔