لاہور: (7 نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے یوم اقبالؒ پر عظیم مفکر اور شاعر مشرق علامہ اقبالؒ کی فکر و بصیرت کو خراج تحسین پیش کیا ہے
شاعر مشرق، مصور پاکستان علامہ محمد اقبالؒ کے یوم پیدائش پر اپنے خصوصی پیغام میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کا کہنا تھا کہ قیام پاکستان کیلئے شاعر مشرق کی فکری خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا، علامہ اقبالؒ نے اپنی شاعری سے برصغیر کے مسلمانوں کو آزادی کا شعور دیا۔
انہوں نے کہا کہ نسل نو کے لئے شاعر مشرق کا پیغام خودی اور بیداری ہے، نوجوان نسل کو فکر اقبال سے روشناس کرانا بے حد ضروری ہے، کلام اقبالؒ کو تعلیمی نصاب کا زیادہ سے زیادہ حصہ بنانے کی ضرورت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ علامہ اقبالؒ نے قوم کی سمت متعین کی اور قائداعظمؒ درماندہ قافلے کو منزل کی طرف لیکر چلے، قوم کیلئے خوداری کا درس علامہ اقبالؒ کا بہت بڑا احسان ہے، علامہ اقبالؒ کے افکار پر عمل پیرا ہونے سے ہی پاکستان ایک اعتدال پسند اور فلاحی ریاست بنے گا۔
مریم نوازشریف نے کہا کہ یوم اقبالؒ پر شاعر مشرق کی فکر کو اپنانے اور پاکستان کو سر بلند کرنے کا عہد کرتے ہیں، علامہ اقبالؒ نے برصغیر کے مسلمانوں کو بیداری کا پیغام دیا اور دوقومیت کا شعور بیدار کیا، علامہ اقبالؒ کی فکر انگیز شاعری نے برصغیر کے مسلمانوں کو متحرک اور بیدار قوم میں تبدیل کر دیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ علامہ اقبالؒ اسلام کے آفاقی پیغام کے علمبردار ہیں جو ہر زمانے کیلئے زندہ و پائندہ ہے، علامہ اقبال کے افکار پر عمل پیرا ہو کر آزادنہ، منصفانہ اور عادلانہ معاشی و سماجی نظام قائم کرنا وقت کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ اقبالؒ کے فکر و فلسفہ کی حقیقی تعبیر سے ہی پاکستان سیاسی، معاشی، مذہبی اور معاشرتی لحاظ سے دنیا میں ممتاز مقام حاصل کرے گا، آج کے دن ہمیں بحیثیت قوم علامہ اقبالؒ کے افکار کو مشعل راہ بنانے کے عزم کا اعادہ کرنا ہے