ڈپٹی اسسٹنٹ ڈائریکٹر نادرا فہد خان قتل کیس: مبینہ حملہ آوروں کی شناخت

پشاور: (7نیوز) ڈپٹی اسسٹنٹ ڈائریکٹر نادرا فہد خان قتل کیس کی تحقیقات میں پیش رفت ہوئی ہے
پولیس ذرائع کے مطابق پولیس نے قتل میں ملوث چاروں مبینہ حملہ آوروں کی شناخت کر لی، واردات کے مرکزی ملزم کا بھی سراغ لگا لیا گیا، ملزمان کی جائے وقوعہ تک آمد، نقل و حرکت اور فرار کا راستہ بھی ٹریس کر لیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مقتول بلٹ پروف گاڑی اور ذاتی محافظوں کے ہمراہ دفتر آیا کرتے تھے، واردات کے روز مقتول کے اکیلے دفتر آنے کا حملہ آوروں نے فائدہ اٹھایا۔

پولیس ذرائع کے مطابق حملہ آوروں نے واردات سے قبل کئی مرتبہ علاقے کی ریکی کی، ملزمان نے یونیورسٹی ٹاؤن سے مقتول کا تعاقب کیا، واردات میں دو موٹر سائیکلوں پر سوار چار ملزمان ملوث پائے گئے، سی سی ٹی وی فوٹیج سے چاروں ملزمان کی دو موٹر سائیکلوں پر موجودگی کی تصدیق ہوئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کیلئے پولیس کی خصوصی ٹیموں کے مختلف مقامات پر چھاپے مارنے کا سلسلہ جاری ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق حملہ آوروں کے شناختی کارڈ بلاک، بیرون ملک فرار روکنے کیلئے سرحدی راستوں اور ہوائی اڈوں پر الرٹ جاری کر دیا گیا ہے، ابتدائی تفتیش کے مطابق قتل کا واقعہ دیرینہ خاندانی دشمنی کا شاخسانہ ہے

اپنا تبصرہ لکھیں