برسبین: سابق کرکٹر عثمان خواجہ کے سینڈ پیپر اسکینڈل کے انکشاف کے بعد کرکٹ آسٹریلیا نے انڈیپینڈنٹ فورم بنانے کا اعلان کیا ہے۔
کرکٹ آسٹریلیا کے چیئرمین ڈیوڈ بون اور سی ای او ٹوڈ گرینبرگ نے پریس کانفرنس میں اعلان کیا کہ 2018 کے دورہ جنوبی افریقہ میں شامل تمام کھلاڑیوں اور سپورٹ اسٹاف کے لیے انڈیپینڈنٹ فورم بنایا جائے گا۔
کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق فورم کے ذریعے تمام افراد جو ان واقعات سے متعلق اپنی یادداشتیں یا مؤقف دینا چاہتے ہیں انہیں خفیہ ماحول فراہم کیا جائے گا۔
کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ اس حوالے سے نئی تحقیقات شروع نہیں کی جائیں گی۔
چیئرمین ڈیوڈ بون کا کہنا ہے کہ سوچ بچار کے بعد فیصلہ کیا ہے کہ دورہ جنوبی افریقہ میں شامل افراد کے لیے فورم بنایا جائے اور یہ فیصلہ کھیل کے بہترین مفاد میں کیا گیا ہے۔
ڈیوڈ بون نے کہا کہ اس معاملے پر جاری بحث کھیل سے توجہ ہٹانے کا باعث بن رہی ہے۔
سی ای او ٹوڈ گرینبرگ کا کہنا ہے کہ گزشتہ ہفتے میں 2018 کے دورہ جنوبی افریقہ کے حوالے سے بہت سے مختلف اور متضاد بیانات سامنے آئے ہیں۔
ٹوڈ گرینبرگ نے کہا ہے کہ یہ فورم ہر شخص کو آزاد اور محفوظ ماحول میں بات کرنے کا موقع فراہم کرے گا۔
خیال رہے کہ سابق آسٹریلوی کرکٹر عثمان خواجہ نے اپنی کتاب صبر میں سینڈ پیپر اسکینڈل کے حوالے سے نئے انکشافات کیے تھے۔
عثمان خواجہ کے مطابق سینڈ پیپر سے متعلق پوری ٹیم کو علم تھا جبکہ سینڈ پیپر اسکینڈل میں سزا پانے والے ڈیوڈ وارنر نے بھی عثمان خواجہ کی حمایت کی ہے۔
دوسری جانب سابق آسٹریلوی فاسٹ بالر چیڈ سیئرز نے بھی پوری ٹیم کو علم ہونے کی تصدیق کی تھی۔
کپتان پیٹ کمنز اور فاسٹ بولر مچل اسٹارک نے پوری ٹیم کے ملوث ہونے کے عثمان خواجہ کے دعوے کی نفی کی تھی۔