ملک بھر کی عدالتوں میں ویمن فیسیلی ٹیشن سینٹرز کے قیام کا فیصلہ

اسلام آباد: (7 نیوز) چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت لا اینڈ جسٹس کمیشن آف پاکستان کا اجلاس ہوا، جس میں ملک بھر میں ویمن فیسیلیٹیشن سینٹرز کے قیام سے متعلق پیش رفت کا جائزہ لیا گیا، چیف جسٹس نے بطور چیئرمین لا اینڈ جسٹس کمیشن اجلاس کی صدارت کی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پہلے مرحلے میں چاروں صوبوں میں ایک، ایک ویمن فیسیلیٹیشن سینٹر قائم کیا جائے گا، مراکز کا مقصد خواتین سائلین کو محفوظ، باوقار اور قابل رسائی ماحول میں رہنمائی اور معاونت فراہم کرنا ہے۔

اجلاس میں رجسٹرار سپریم کورٹ، سیکرٹری لا اینڈ جسٹس کمیشن کیپٹن ریٹائرڈ مشتاق احمد، رجسٹرار بلوچستان ہائیکورٹ ناصر خان، انسٹیٹیوٹ آف آرکیٹیکٹس پاکستان کی سابق چیئرپرسن رویدہ حمایت، نیسپاک کے جنرل منیجر فیصل مجید اور وقار شیخ سمیت متعلقہ کمیٹیوں کے ارکان نے شرکت کی۔

چاروں صوبوں میں تعینات لا اینڈ جسٹس کمیشن کے ریذیڈنٹ ایڈیشنل سیکرٹریز اور ڈیزائن مقابلے میں پہلی تین پوزیشنیں حاصل کرنے والے آرکیٹیکٹس نے بھی ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔
چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے سال 2025-26 کے دوران عدالتی سہولیات کی فراہمی سے متعلق اصلاحات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ عدالتوں اور بار ایسوسی ایشنز کو بلاتعطل بجلی، ای لائبریریز، انٹرنیٹ اور پینے کے صاف پانی کی سہولیات فراہم کی گئیں۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد سمیت ملک بھر کی عدالتوں اور بار ایسوسی ایشنز میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کے منصوبے مکمل کر لیے گئے ہیں۔

چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ سال 2026-27 میں چاروں صوبوں اور اسلام آباد میں ویمن فیسیلی ٹیشن سینٹرز کا قیام اہم ترجیح ہے، ان مراکز میں خواتین کو ایک ہی چھت تلے معلومات، رہنمائی اور قانونی معاونت فراہم کی جائے گی، ون ونڈو سہولت سے خواتین سائلین کو مختلف دفاتر کے چکر لگانے اور بار بار عدالت آنے کی ضرورت کم ہوگی۔

مراکز میں استقبالیہ، رہنمائی ڈیسک، آرام دہ انتظار گاہیں، صاف ستھرے واش رومز، خواتین کے لیے علیحدہ مشاورتی کمرے، قانونی مشورے اور معاونت کی سہولیات فراہم کی جائیں گی، جبکہ ثالثی اور متبادل حل تنازعات کے لیے مخصوص جگہ بھی مختص ہوگی۔

اپنا تبصرہ لکھیں