لاہور: (7 نیوز) پنجاب میں فضائی آلودگی میں اضافہ ہونے لگا، لاہور کی فضا انتہائی مضر صحت ہوگئی ہے۔صوبائی دارالحکومت لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں مسلسل پہلے نمبر پر برقرار ہے، شہر کا مجموعی ایئر کوالٹی انڈیکس 500 سے تجاوز کر گیا۔
لاہور کے علاقے گلبرگ ٹو میں فضائی آلودگی کا انڈیکس انتہائی تشویشناک سطح 920 تک جا پہنچا، علامہ اقبال ٹاؤن میں اے کیو آئی 700 جبکہ عسکری 10 میں 275 ریکارڈ کیا گیا۔
پنجاب کے دیگر شہروں بہاولپور کا اے کیو آئی 525، گوجرانوالہ میں 435، فیصل آباد کا ایئر کوالٹی انڈیکس 415 پارٹیکولیٹ میٹرز ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ سرگودھا میں 404 اور ملتان کا اے کیو آئی 274 پارٹیکولیٹ میٹرز ریکارڈ کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند روز کے دوران بارش کا کوئی امکان نہیں، بارش اور تیز ہوائیں نہ چلنے کے باعث فضائی آلودگی میں کمی کے امکانات معدوم ہیں، موسم خشک رہنے اور ہوا کی رفتار کم ہونے سے لاہور سمیت مختلف شہروں میں سموگ کی صورتحال برقرار رہنے کا خدشہ ہے۔
قومی ادارہ صحت نے متعدی بیماریوں میں اضافے کا الرٹ جاری کر دیا ہے، موسمی فلو، سانس اور دل کے امراض میں اضافے کا خدشہ ہے۔