راولپنڈی: پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے فاسٹ بولر محمد عباس کا کہنا ہے کہ رضا اللہ اور میری کوشش ہوگی کہ پاکستان کو میچ جتوائیں۔سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ میچ سے قبل پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمد عباس نے کہا کہ رضا اللہ پاکستان کے لیے اچھا اضافہ ہے، اس نے انگلینڈ میں ٹیم کو جوائن کیا۔
انہوں نے کہا کہ رضا اللہ نے پچھلے سال میرے خلاف ڈیپارٹمنٹ کرکٹ کھیلا تھا، وہ سیکھنے کی کوشش کرتا ہے، ہماری پریکٹس اچھی جارہی ہے، تمام کھلاڑی میچ پریکٹس میں ہیں جو پاکستان کے لیے اچھا ہے۔
محمد عباس نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ میں فارم میں ہوں اور کوشش ہوگی کہ اسی کارکردگی کو جاری رکھوں، پاکستان میں ایک بڑی پرفارمنس باقی ہے، کوشش ہوگی کہ یہاں بھی بورڈ پر میرا نام آئے
https://x.com/TheRealPCBMedia/status/2118978923937554441?ref_src=twsrc%5Etfw%7Ctwcamp%5Etweetembed%7Ctwterm%5E2118978923937554441%7Ctwgr%5Ea954e9e2ec6583883a325ea1628f037c2babab7a%7Ctwcon%5Es1_c10&ref_url=https%3A%2F%2Furdu.dunyanews.tv%2Findex.php%2Fur%2FSports%2F981818
فاسٹ بولر نے بتایا کہ میں پاکستان میں کوئی ڈومیسٹک کرکٹ نہیں چھوڑتا اور جب فارغ ہوتا ہوں تو کاؤنٹی کھیلتا ہوں یہی چیز مجھے ٹیسٹ کرکٹ میں کارکردگی دکھانے میں مدد دیتی ہے۔
اپنی گفتگو کو جاری رکھتے ہوئے محمد عباس نے کہا کہ ہر ٹیم اچھی ہوتی ہے، کوئی بھی ٹیم آسان نہیں ہوتی ، ہر میچ اور ہر دن بہت اہم ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ابھی کی موجودہ ٹیم میں کافی زیادہ نوجوان کھلاڑی ہیں، بورڈ نے نوجوان کھلاڑیوں کو چانس دیا ہے لہٰذا اب ان کے پاس موقع ہے کہ وہ اپنی اسکلز کا مظاہرہ دکھا کر مستقبل کے لیے اپنی جگہ پکی کریں۔
ایک سوال کے جواب میں محمد عباس نے کہا کہ پچ ابھی میں نے دیکھی نہیں ہے مگر جب پچ دیکھیں گے تو اس حساب سے ٹیم بنائیں گے اور میں اپنا تجربہ نئے کھلاڑیوں سے شیئر بھی کروں گا۔
واضح رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کا آغاز 9 نومبر سے پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہورہا ہے