صوبائی حکومتوں کی عالمی سرمایہ کاروں کو معدنی شعبے میں سرمایہ کاری کی دعوت

اسلام آباد کے جناح کنونشن سنٹر میں ہونے والے پاکستان منزلز انویسٹمنٹ فورم 2026 میں مقامی اور بین الاقوامی سرمایہ کار شریک ہیں، فورم میں پچاس سے زائد ممالک کے 5 ہزار سے زائد مندوبین شریک ہیں۔

فورم میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی، گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے شرکت کی، اس کے علاوہ وزیراعظم آزاد کشمیر سید افتخار گیلانی اور وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین بھی شریک ہوئے۔

معدنیات کو خام شکل میں برآمد کرنا مقصد نہیں، اسحاق ڈار

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ معدنی شعبے میں دیرپا شراکت داری کے عزم پر عالمی سرمایہ کاروں کا اعتماد قابل تحسین ہے،پاکستان کا مقصد صرف معدنیات نکال کر خام شکل میں برآمد کرنا نہیں، بلکہ پاکستان کی پوری معدنی ویلیو چین کو ترقی دینا ہے۔

انہوں نے کہا کہ معدنیات پراسسینگ، صفائی و مصنوعات تیار کرنے کی صلاحیت بتدریج بڑھانا چاہتے ہیں، معدنی شعبے میں کن کنی، ٹیکنالوجی، پراسیسنگ اور توانائی میں سرمایہ کاری درکار ہے، معدنی ترقی سے انجینئرنگ، آٹومیشن، خدمات اور مصنوعات تیاری کے مواقع پیدا ہوں گے۔

نائب وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بلوچستان پاکستان کا منرلز کا مستقبل ہے، کلین انرجی اور الیکٹرک گاڑیوں کے باعث تانبے اور دیگر معدنیات کی طلب بڑھ گئی، عالمی سطح پر عدم فراہمی کے ذرائع میں تنوع اور مضبوط سپلائی چین کیلئے کوشاں ہیں۔

سرمایہ کاروں کو ون ونڈو آپریشن دیں گے: فیصل کریم کنڈی

اسلام آباد میں پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم سے خطاب کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ سرمایہ کار خیبر پختونخوا میں منرلز کی تلاش میں سرمایہ کاری کریں۔

انہوں نے پاکستان میں آنے والے تمام سرمایہ کاروں کو خوش آمدید کرتے ہوئے کہا کہ ہماری سب سے بڑی ترجیح سرمایہ کاروں کو سکیورٹی فراہم کرنا ہے، ہم سرمایہ کاروں کو ون ونڈو آپریشن دینگے۔

گورنر خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں کان کنی کا فروغ چاہتے ہیں، تاہم سرمایہ کار خیبر پختونخوا میں منرلز کی تلاش میں سرمایہ کاری کریں، خیبر پختوا گیس پیداوار میں دوسرا بڑا صوبہ ہے۔

پنجاب کے دریاؤں میں سونے کے وافر ذخائر کے شواہد ملے ہیں: مریم نواز

اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم کا انعقاد معدنی شعبے کی ترقی کے لیے اہمیت کا حامل ہے، پاکستان معدنی وسائل سے مالامال ہے، پنجاب پانچ دریاؤں کی سرزمین ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بے پناہ قدرتی وسائل اور غیر معمولی صلاحیت موجود ہے، پاکستان کے قدرتی وسائل سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے، پاکستان میں بہت پوٹینشل ہے، پنجاب کے دریاؤں میں قدرتی طور پر بہنے والا خالص سونا موجود ہے، پنجاب میں کوئلے، گرینائٹ، پنک سالٹ اور راک سالٹ کے ذخائر موجود ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ پنجاب کے دریاؤں میں سونے کی مقدار معلوم کرنے کے لیے سروے جاری ہیں، پنجاب کے دریاؤں میں سونے کے وافر ذخائر کے شواہد ملے ہیں، دریائی ریت اور بجری میں سونے کے علاوہ قیمتی معدنیات اور دھاتیں بھی موجود ہیں۔

وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ پنجاب کے قدرتی وسائل کو مشترکہ دولت اور خوش حالی میں بدلنا چاہتے ہیں، پنجاب کے معدنی وسائل سے استفادہ کے لیے تجارتی شراکت داریوں کی تلاش جاری ہے، جبکہ پنجاب میں کاروبار کے لیے سستے نرخوں پر زمین دے رہے ہیں۔

تھر میں سرمایہ کاری کے وسیع امکانات موجود ہیں: مراد علی شاہ

فورم سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ صوبے میں توانائی اور صنعتی شعبوں کے فروغ کے ذریعے ترقی کی کوششیں جاری ہیں اور کان کنی کے عمل میں نجی شعبے کو آگے لایا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تھر کے کوئلے کے ذخائر دنیا کے چھٹے بڑے ذخائر میں شامل ہیں اور ان میں سرمایہ کاری کے وسیع امکانات موجود ہیں۔

وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ سندھ میں متعدد اقسام کی معدنیات پائی جاتی ہیں، کان کنی کے لیے مؤثر فریم ورک تیار کیا جا رہا ہے جبکہ عالمی سرمایہ کاری کے ذریعے جدید ٹیکنالوجی کی منتقلی بھی ممکن بنائی جا رہی ہے، سندھ عالمی سرمایہ کاروں کا خیرمقدم کرے گا۔

سرمایہ کاروں کی سکیورٹی یقینی بنائی جائے گی: سرفراز بگٹی

اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان معدنی وسائل سے مالا مال صوبہ ہے، جہاں معدنیات کے علاوہ تیل اور گیس کی تلاش کے بھی مواقع موجود ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مقامی اور عالمی سرمایہ کاروں کو کان کنی کے شعبے میں آگے آنا چاہیے، صوبائی حکومت انہیں ہر ممکن سہولیات فراہم کر رہی ہے، جبکہ بلوچستان میں سرمایہ کاروں کی سکیورٹی یقینی بنائی جا رہی ہے اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے سازگار ماحول پیدا کیا جا رہا ہے۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ منرل کوریڈور کے لیے الگ سکیورٹی ڈویژن قائم کیا گیا ہے اور آج کا بلوچستان پہلے سے مختلف ہے۔

گلگت بلتستان کا ایک بڑا مسئلہ رابطہ کاری اور کنکٹیویٹی ہے: سید امجد حسین

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان سید امجد حسین نے کہا کہ گلگت بلتستان میں مختلف قیمتی دھاتوں اور پتھروں کی تلاش کے شعبے میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، تاہم علاقے کا ایک بڑا مسئلہ رابطہ کاری اور کنکٹیویٹی ہے۔

سیمنٹ، کوئلے اور باکسائٹ میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع ہیں: افتخار گیلانی

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر سید افتخار گیلانی نے کہا کہ سیمنٹ، کوئلے اور باکسائٹ کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، پاکستان اور دنیا بھر کے سرمایہ کار اس سے فائدہ اٹھائیں۔

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر قدرتی وسائل اور قیمتی معدنی ذخائر سے مالا مال ہے، جہاں یاقوت کے بڑے ذخائر موجود ہیں، جبکہ گرینائٹ، ٹورملین اور پکھراج جیسے قیمتی پتھر بھی پائے جاتے ہیں۔

وزیراعظم آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر میں سیمنٹ کی صنعت، کوئلے اور باکسائٹ کے شعبوں میں بھی سرمایہ کاری کی بے پناہ صلاحیت موجود ہے، معدنیات سے متعلق قوانین کو ملک کے دیگر حصوں میں رائج قوانین سے ہم آہنگ کیا جا رہا ہے تاکہ آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور دیگر صوبوں میں سرمایہ کاروں کے لیے یکساں قوانین اور مواقع فراہم کیے جا سکیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں