لاہور (22 اکتوبر 2026ء): صدر مملکت آصف علی زرداری نے لاہور کے علاقے لیک سٹی میں منعقدہ سعودی پاکستان رئیل اسٹیٹ ایکسپو (SPREX) کا دورہ کیا۔ اس موقع پر گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان اور لیک سٹی کے سی ای او و سعودی پاکستان بزنس کونسل کے رکن ڈاکٹر گوہر اعجاز نے صدر مملکت کا استقبال کیا۔ ایکسپو میں سعودی عرب کی معروف رئیل اسٹیٹ اور سرمایہ کاری کمپنیوں نے شرکت کی، جن میں شہزادہ منصور بن محمد آل سعود اور عبد العزیز الاشرافی بھی شامل ہیں۔

صدر زرداری نے نمائش کے شرکاء اور مختلف پویلینز کا دورہ کیا اور رئیل اسٹیٹ کے شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقعوں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر پی آئی اے کے عملے کے نئے یونیفارم کی نمائش بھی کی گئی۔ صدرِ پاکستان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مضبوط اقتصادی شراکت داری، سرمایہ کاری اور تجارتی مواقع میں تبدیل کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سعودی عرب نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے، اور اس طرح کی کاروباری نمائشیں براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری (FDI) اور نجی شعبے کے اشتراک کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔