پاکستان اور یوگنڈا کا زرعی تجارت بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد: (7 نیوز) پاکستان اور یوگنڈا نے زرعی تجارت اور دوطرفہ تعاون کو نئی بلندیوں تک لے جانے پر اتفاق کیا ہے، جبکہ یوگنڈا کو پاکستانی چاول کی برآمدات میں نمایاں اضافے کے لیے عملی اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے یوگنڈا کی وزیرِ مملکت برائے زراعت ڈیزائر موہوزا سے ملاقات کی، جس میں زرعی تجارت اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

رانا تنویر حسین نے بتایا کہ یوگنڈا سالانہ 30 کروڑ ڈالر کے چاول درآمد کرتا ہے، تاہم اس درآمدی منڈی میں پاکستان کا حصہ صرف 30 لاکھ ڈالر ہے۔ پاکستان یوگنڈا کو اعلیٰ معیار کے چاول مسابقتی قیمتوں پر فراہم کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔

وفاقی وزیر نے پاکستانی چاول کے برآمد کنندگان اور یوگنڈا کے درآمد کنندگان کے درمیان براہِ راست تجارتی روابط قائم کرنے کی تجویز دی۔ ان کا کہنا تھا کہ درمیانی منڈیوں کے بجائے براہِ راست تجارت سے اخراجات کم اور برآمدات میں اضافہ ہوگا۔

ملاقات میں پاکستان اور یوگنڈا کے درمیان زرعی تعاون کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کرنے کی تجویز بھی پیش کی گئی۔ وفاقی وزیر کے مطابق یہ گروپ زرعی تجارت، تکنیکی مسائل اور تحقیقی تعاون کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔

دونوں ممالک نے زرعی تعاون سے متعلق زیرِ التوا مفاہمتی یادداشت کو جلد حتمی شکل دینے پر بھی زور دیا۔

رانا تنویر حسین نے یوگنڈا کے وفد کو پاکستان کی زرعی تحقیقی صلاحیتوں اور جدید سہولیات سے آگاہ کیا، جبکہ وفد کے لیے قومی زرعی تحقیقاتی مرکز اسلام آباد کے دورے کی تجویز بھی پیش کی گئی۔

ملاقات میں گندم، چاول، آلو، بیجوں کی ٹیکنالوجی اور لائیو اسٹاک کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے مزید بتایا کہ پاکستانی زیتون کے تیل نے نیویارک میں بین الاقوامی معیار کے مقابلے میں طؤچاندی کا تمغہ حاصل کیا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں