نئے صوبوں کے حق میں کراچی تاریخ کا سب سے بڑا اجتماع کرے گا: مصطفیٰ کمال

کراچی: (7 نیوز) ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر مرکزی رہنما مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ نئے صوبوں کے حق میں کراچی اپنی تاریخ کے سب سے بڑے اجتماع میں اپنا فیصلہ سنائے گا۔ نئے صوبوں کی تحریک عام انتخابات یا نشستوں کے حصول کا معاملہ نہیں بلکہ پاکستان کی بقا اور آنے والی نسلوں کے مستقبل کی سنجیدہ جدوجہد ہے۔

ڈسٹرکٹ کورنگی کے ذمہ داران اور کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ 1973 کا آئین کوئی آسمانی صحیفہ نہیں۔ آئین پاکستان کی خود ساختہ چیمپئن پیپلزپارٹی اپنے بانی ذوالفقار علی بھٹو کے آئین میں 27 ترامیم کروا چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اٹھارویں ترمیم کے بعد وفاق بجٹ کے پہلے دن ہی مالی طور پر لاچار ہو جاتا ہے، جبکہ چاروں طاقتور اور بااختیار صوبے ہزاروں ارب روپے سالانہ وصول کرنے کے باوجود اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے سے گریزاں ہیں۔ 16 سال میں وفاق سے 22 ہزار ارب روپے ملنے کے باوجود کراچی سے کشمور تک دھول اڑ رہی ہے۔

مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ اندرون سندھ سینکڑوں ماؤں کی بیٹیاں اغوا ہو جاتی ہیں اور معصوم بچے ایڈز میں مبتلا ہو رہے ہیں، لیکن کوئی پرسان حال نہیں۔ روزانہ کھلے مین ہولز میں گرنے، ڈمپروں کے نیچے آنے اور موبائل فون چھننے کے واقعات میں قوم کے بچے موت کے منہ میں جا رہے ہیں، لیکن کسی کی غیرت نہیں جاگتی اور نہ کوئی ریلی نکالی جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نئے صوبوں کی جدوجہد آئین و قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے پُرامن اور ہوش مندی سے جاری ہے۔ جو خود کانٹا چبھنے کی تکلیف برداشت نہیں کر سکتے، وہ نئے صوبوں کے قیام پر سندھ کے شہری علاقوں کو خون میں نہلانے کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ بڑی جدوجہد اور قربانیوں کے بعد پاکستان کے معاشی حب کراچی کو را کے تسلط سے آزاد کروایا ہے، اب دوبارہ بھائی کو بھائی سے نہیں لڑنے دیں گے۔ ہمارے ہوتے ہوئے لسانی بنیادوں پر شہری سندھ میں خون خرابہ کروانے کے خواہش مندوں کو شدید مایوسی کا سامنا ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں لسانی تفریق کی بنیاد پر خون خرابے کے ذریعے اصل مسائل سے توجہ ہٹائی جاتی تھی، جبکہ آج تمام زبانیں بولنے والے مشترکہ حقوق کے حصول کے لیے ایم کیو ایم پاکستان کے پرچم تلے سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑے ہیں۔ تمام زبانیں بولنے والوں، خصوصاً سندھی بھائی بہنوں کی جان، مال، عزت اور آبرو کا تحفظ ہم پر واجب ہے۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ کراچی تیار ہے، ظلم کا خاتمہ ہوگا اور مظلوم عوام کے لیے راحت کا دور شروع ہونے والا ہے۔ ان شاء اللہ اگلے سال سے پاکستان کی حقیقی آزادی کے دائمی عہد کا آغاز ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ یہ ایک تاریخی موقع ہے، پاکستان میں نئے صوبے بنا کر عوام کو ظالم، نااہل اور کرپٹ حکمرانوں کے چنگل سے نکالنے والوں کو تاریخ یاد رکھے گی۔

اپنا تبصرہ لکھیں