ریاض: (7 نیوز) سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کی جانب یمن کے حوثی ملیشیا کی طرف سے داغے گئے میزائل حملے کو سعودی قیادت میں قائم اتحاد نے ناکام بنانے کا دعویٰ کیا ہے، ریاض میں زور دار دھماکے کی آواز سنی گئی اور میزائل کا ملبہ گرنے سے مالی نقصان کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
سعودی قیادت میں قائم اتحاد کے مطابق ابتدائی جائزے میں میزائل کا ملبہ گرنے اور املاک کو نقصان پہنچنے کی تصدیق ہوئی ہے، تاہم نقصان کی نوعیت اور اس کی مجموعی تفصیلات کا تعین کیا جا رہا ہے، حوثی ملیشیا کی جانب سے سعودی عرب کے جنوبی علاقے کی طرف داغا گیا ایک کروز میزائل بھی فضا میں تباہ کر دیا گیا۔
ریاض میں دھماکے کی آواز سنائی دینے کے کچھ ہی دیر بعد سعودی سول ڈیفنس نے شہریوں کو ممکنہ خطرے سے خبردار کیا تھا، تاہم اس وقت خطرے کی نوعیت کے بارے میں تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں، بعد میں سول ڈیفنس نے اعلان کیا کہ خطرہ ٹل گیا ہے۔
دوسری جانب حوثی ملیشیا کے زیرانتظام یمن کی سرکاری خبر ایجنسی نے اطلاع دی کہ سعودی طیاروں نے آج صبح یمن کے دارالحکومت صنعا میں فضائی حملے کیے، اس پر سعودی حکام یا حوثیوں کی جانب سے فوری طور پر کوئی باضابطہ تصدیق یا تفصیلی بیان سامنے نہیں آیا۔
ریاض میں دھماکے کی آواز سعودی سرکاری خبر رساں ادارے ایس پی اے کی اس رپورٹ کے کچھ ہی دیر بعد سنی گئی جس میں بتایا گیا تھا کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے امریکی سینٹرل کمانڈ کے سربراہ ایڈمرل بریڈ کوپر سے ملاقات کی ہے، ریاض میں ہونے والی اس ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے سعودی عرب اور امریکا کے درمیان فوجی تعلقات اور خطے کی تازہ صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔
سعودی عرب اور حوثیوں کے درمیان کشیدگی میں گزشتہ ماہ اس وقت مزید اضافہ ہوا جب حوثی جنگجوؤں نے یمن کے بحیرہ احمر کے ساحل پر اہم تزویراتی علاقوں پر قبضہ کر لیا اور آبنائے باب المندب کی جانب پیش قدمی شروع کی۔ یہ آبنائے عالمی تجارت اور تیل کی ترسیل کے لیے انتہائی اہم سمندری گزرگاہ ہے، جہاں سے خلیجی ممالک کا تیل عالمی منڈیوں تک پہنچانے والے جہاز گزرتے ہیں۔
آبنائے باب المندب بحیرہ احمر کو خلیج عدن اور بحر ہند سے ملاتی ہے اور عالمی بحری تجارت کے اہم راستوں میں شمار ہوتی ہے، اس کی اہمیت اس لیے بھی بڑھ جاتی ہے کہ خلیجی تیل پیدا کرنے والے ممالک کے لیے یہ سمندری راستہ آبنائے ہرمز کے علاوہ ایک اہم تجارتی گزرگاہ کی حیثیت رکھتا ہے۔
سعودی عرب اور حوثی ملیشیا کے درمیان دوبارہ شروع ہونے والی لڑائی نے اقوام متحدہ کی ثالثی میں 2022 میں طے پانے والی جنگ بندی کو بھی شدید متاثر کیا ہے۔ اس معاہدے کے نتیجے میں سعودی قیادت میں قائم اتحاد اور حوثیوں کے درمیان حملوں میں بڑی حد تک کمی آ گئی تھی۔ سعودی اتحاد یمن کی بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حکومت کی حمایت کرتا ہے، جبکہ حوثی ملک کے گنجان آباد علاقوں پر کنٹرول رکھتے ہیں۔
حالیہ عرصے میں حوثیوں نے ایران کے ساتھ منسلک علاقائی گروہ کی حیثیت سے امریکا اور اسرائیل کی ایران کے خلاف وسیع تر جنگ کے دوران سعودی عرب پر حملوں میں اضافہ کیا ہے۔ ان حملوں میں سعودی ہوائی اڈوں، بندرگاہوں اور تیل کی تنصیبات کو نشانہ بنانے کی کوششیں شامل ہیں، جبکہ سعودی عرب نے جواب میں یمن میں حوثیوں کے ٹھکانوں پر فضائی حملے کیے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق سعودی دارالحکومت ریاض بھی بارہا حملوں کا نشانہ بن چکا ہے، جن میں شاہ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایک مہلک حملہ بھی شامل ہے، اس کے علاوہ ایک اور میزائل حملے کو ناکام بنانے کے دوران گرنے والے ملبے سے سعودی تیل کمپنی آرامکو کی ملکیت عمارت کو بھی نقصان پہنچا تھا۔
تازہ میزائل حملے اور سعودی فضائی کارروائیوں کے بعد دونوں فریقوں کے درمیان کشیدگی میں مزید اضافے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے، جبکہ بحیرہ احمر اور آبنائے باب المندب کے اہم تجارتی راستے پر سکیورٹی کی صورت حال بھی تشویش کا باعث بن سکتی ہے۔