مظفر آباد: (7 نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف اور مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف سے صدر آزاد جموں و کشمیر ڈاکٹر محمد نجیب نقی خان اور وزیراعظم آزاد کشمیر سید افتخار علی گیلانی نے ملاقات کی، جس میں آزاد کشمیر کے ترقیاتی امور اور
عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں وفاقی حکومت کی جانب سے آزاد کشمیر حکومت کے ساتھ عوامی فلاح و بہبود اور ترقیاتی منصوبوں میں مکمل تعاون کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ اس موقع پر ماضی میں آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی کے لیے وفاقی حکومت کے کردار کا بھی ذکر کیا گیا۔
شرکا نے آزاد کشمیر کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لیے پنجاب حکومت کے فعال کردار پر بھی گفتگو کی۔
وزیراعظم آزاد کشمیر سید افتخار علی گیلانی نے کشمیری عوام کی فلاح و بہبود اور خوشحالی کے لیے ترقیاتی منصوبوں پر بھرپور انداز میں عمل درآمد یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
ملاقات میں آزاد کشمیر کے انتخابات کے دوران کیے گئے وعدوں پر عمل درآمد یقینی بنانے کے امور بھی زیر بحث آئے۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، وفاقی وزرا احسن اقبال، انجینئر امیر مقام، طارق فضل چوہدری اور عطاء اللہ تارڑ، وزیراعظم کے مشیر رانا ثنااللہ، سینیٹر پرویز رشید، سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب، رکن آزاد کشمیر اسمبلی شاہ غلام قادر اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما و سابق وزیراعظم آزاد کشمیر راجافاروق حیدر سمیت دیگر حکام موجود تھے