لاہور :وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب واحد صوبہ ہے جو کرپشن کے خلاف عملی اقدامات اور مؤثر کارروائیاں کر رہا ہے ، کرپشن کیخلاف زیرو ٹالرنس پالیسی ہے ، اینٹی کرپشن پنجاب ایک شفاف ادارے کے طور پر کام کر رہا ہے ،تمام محکموں میں داخلی احتساب کا مؤثر نظام متحرک ہے ۔
اپنے بیان میں وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایات پر پولیس، پیرا اور دیگر متعلقہ محکموں میں باڈی کیمروں کا استعمال یقینی بنایا جا رہا ہے ، سرکاری اداروں میں سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ بھی کی جا رہی ہے تاکہ ڈیجیٹل شواہد محفوظ کیے جا سکیں اور بدعنوانی کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا سکیں۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب میں سفارش چلتی ہے نہ رشوت کی کوئی گنجائش ہے ،پنجاب کی کارکردگی کو عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے تاہم بعض بے روزگار افراد ملازمت کے حصول کی کوشش میں دن رات پنجاب کو بدنام کرنے کے مشن پر لگے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جب مقصد صرف ملازمت کا حصول ہو تو پنجاب اور مریم نواز کی کارکردگی ایسے عناصر کے اعصاب پر سوار رہتی ہے ۔