لاہور: (7 نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے میں پنچایت نظام کے قیام کی اصولی منظوری دے دی۔
وزیراعلیٰ کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا، جس میں پنچایت نظام کے قیام، طریقہ کار اور اختیارات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ یونین کونسل، موضع، علاقے اور گاؤں کی سطح پر پنچایت کمیٹیاں قائم کی جائیں گی، جو فریقین کی باہمی رضامندی سے تنازعات حل کریں گی، ڈپٹی کمشنر غیر جانبدار اور عوامی اعتماد کے حامل مستقل مقامی رہائشی کو پنچایت کا رکن مقرر کرے گا، جبکہ ارکان کا انتخاب نیک نامی، غیر جانبداری اور دانشمندی کی بنیاد پر کیا جائے گا۔
پنچایت میں نمبردار، اساتذہ، ریٹائرڈ ججز، ریٹائرڈ فوجی افسران، ریٹائرڈ سول سرونٹس اور دیگر معزز شخصیات شامل ہوں گی، اس نظام کے ذریعے خواتین، اقلیتوں، غریبوں اور پسماندہ طبقات کے لیے انصاف تک رسائی آسان بنانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنچایت نظام قانونی حدود، انصاف اور غیر جانبداری کے اصولوں کا پابند ہوگا، اس کے ساتھ عدالتی دائرہ اختیار اور ہر شہری کے عدالتی تحفظ کے حصول کے حق کو بھی برقرار رکھا جائے گا، پنچایتی نظام کے خواتین اور کمزور طبقات کے خلاف ممکنہ استعمال کی روک تھام کے لیے دائرہ اختیار سے متعلق نیگیٹو لسٹ بھی جاری کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پنچایت پروگرام کے لیے رولز، پالیسی گائیڈ لائنز اور ضوابط کا جامع پلان طلب کرتے ہوئے پنچائیت کے اختیارات کے تعین کے لیے واضح قواعد و ضوابط مرتب کرنے کی ہدایت کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز شریف نے کہا کہ تنازعات کو باہمی افہام و تفہیم، مکالمے اور معززین کی دانشمندی سے حل کیا جا سکتا ہے، پنجاب میں معاشرتی ثالثی کے ذریعے چھوٹے موٹے جھگڑے نمٹانے کی صدیوں پرانی روایت موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنچائیتی نظام شہریوں کو نظام انصاف میں شراکت دار بنانے کی کوشش ہے، باہمی اختلافات کے حل کے لیے عدالت ہی پہلا فورم نہیں بلکہ پنچایت کو ہونا چاہیے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ تنازعات کے غیر رسمی حل کو قانونی دائرہ کار میں لانے کے لیے پنجاب پنچایت ایکٹ متعارف کرایا جا رہا ہے، یہ ایکٹ باہمی رضامندی سے تنازعات حل کرنے کے لیے سادہ، کم خرچ اور آسان فورم فراہم کرے گا۔
مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ حکومت عوام کو نچلی سطح پر اختیارات میں شراکت دار بنانا چاہتی ہے اور شہریوں کو اپنے فیصلے خود کرنے کا اختیار دیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پنچایت نظام کے قیام سے عدالتوں پر مقدمات کا بوجھ کم ہوگا اور فوری و سستا انصاف ممکن ہو سکے گا،حکومت سماجی تبدیلی کے ذریعے انصاف کو عوام کی دہلیز تک پہنچائے گی۔