وزیراعلیٰ سندھ سے جرمن قونصل جنرل کی ملاقات، صدر آصف علی زرداری کے ممکنہ دورہ جرمنی پر تبادلہ خیال

وزیراعلیٰ سندھ سے جرمن قونصل جنرل کی ملاقات، صدر آصف علی زرداری کے ممکنہ دورہ جرمنی پر تبادلہ خیال
کراچی (21 اکتوبر): وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے جرمن قونصل جنرل تھامس ای شلٹز نے وزیراعلیٰ ہاؤس میں ایک اہم ملاقات کی ہے جس میں صدر مملکت آصف علی زرداری کے آئندہ دورہ جرمنی، دوطرفہ اقتصادی روابط، تجارتی و ترقیاتی تعاون کے فروغ اور ماحولیاتی منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں صدر مملکت آصف علی زرداری کے دورہ جرمنی کے حوالے سے اہم امور پر بات چیت کی گئی اور یہ فیصلہ کیا گیا کہ وزیراعلیٰ سندھ بھی اس اہم دورے میں صدر مملکت کے ہمراہ جانے والے وفد کا حصہ ہوں گے۔ گفتگو کے دوران صوبے میں پانی کی قلت اور ماحولیاتی بہتری پر خاص توجہ دی گئی جہاں وزیراعلیٰ سندھ نے جرمن ٹیکنالوجی کی مدد سے منچھر جھیل کے پانی کو صاف کرنے کی خواہش کا اظہار کیا جس پر جرمن قونصل جنرل تھامس ای شلٹز نے پانی کی صفائی کے لیے جرمن جدید ٹیکنالوجی کی فراہمی اور بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ سید مراد علی شاہ نے سندھ میں کینال لائننگ کی بہتری کے منصوبوں پر بھی زور دیا تاکہ زرعی پانی کے ضیاع کی روک تھام کی جا سکے اور آبادگاروں تک پانی کی مؤثر فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے جس پر جرمن قونصل جنرل نے اتفاق کیا کہ جرمن مہارت اور ٹیکنالوجی کی مدد سے زرعی پانی کے ضیاع میں نمایاں کمی لائی جا سکتی ہے۔ باہمی روابط کو مزید منظم بنانے کے لیے وزیراعلیٰ سندھ نے اپنے معاونِ خصوصی قاسم نوید کو ہدایت کی کہ وہ جرمن اداروں کے ساتھ رابطے اور تعاون کے امکانات پر بات چیت کو آگے بڑھائیں۔ ملاقات میں جرمن ترقیاتی ادارے GIZ کے جاری پروگراموں، سرمایہ کاری، تکنیکی معاونت اور مختلف شعبوں میں شراکت داری کے نئے مواقع تلاش کرنے پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔ جرمن قونصل جنرل نے سندھ کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کے امکانات کا جائزہ لینے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا، جبکہ وزیراعلیٰ سندھ نے جرمنی کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور معاشی ترقی کے لیے سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ ترجمان وزیراعلیٰ سندھ عبدالرشید چنا کے مطابق اس موقع پر معاونِ خصوصی برائے سرمایہ کاری سید قاسم نوید، سیکریٹری ٹو سی ایم آصف جمیل اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

اپنا تبصرہ لکھیں