ایران نے ایس 300 میزائل خلیجِ فارس میں منتقل کردیے

 ایران نےخلیجِ عربی میں امریکی جنگی سرگرمیوں کے تدارک کے لیے ایس 300 میزائل ، خلیج فارس کے کنارے پر منتقل کردیے ، یہ علاقہ خاص دفاعی نوعیت کا حامل ہے۔

تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر ایران کے قابلِ ذکر حلقوں کی جانب سے پوسٹ کیے جانے والے وڈیو کلپ میں ایرانی پاسداران انقلاب کی جانب سے فضائی دفاعی میزائل سسٹم ایس-300 کی بیٹریز کو خلیج فارس کے کنارے واقع علاقوں میں منتقل کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

وڈیو کلپس میں میزائل اور فوجی ساز و سامان سے بھرے عسکری ٹرک بوشہر صوبے کے علاقے عسلویہ جاتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔ یہ علاقہ ایران کے جنوب میں خلیج فارس کے مقابل واقع ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ایرانی فضائیہ کے سربراہ عزیز نصیر زادہ نے پیرکے روز دھمکی دی کہ امریکا کی جانب سے دھمکائے جانے کے جواب میں خطے کے ممالک کے دارالحکومتوں پر بمباری کی جائے گی اورخلیج فارس میں تیل کی تنصیبات کو نشانہ بنایا جائے گا۔ کہا جارہا ہے کہ ایران کی اس مشق سے امریکا اور کئی خلیجی ریاستیں تحفظات کا شکار ہو گئی ہیں۔ اس عمل سے خطے میں جاری کشیدگی کو مزید ہوا ملے گی۔

نصیر زادہ نے بوشہر، بندر عباس اوراصفہان میں فضائی اڈوں کے دورے کے دوران ایرانی ہوابازوں پرزور دیا کہ وہ اپنی اس قیادت کی پیروی کریں جنہوں نے عراق کے ساتھ جنگ میں اپنی جانیں قربان کردیں اور اس دوران غیر وابستہ تحریک کے سربراہ اجلاس سے قبل عراقی دارالحکومت بغداد پر کاری ضرب لگائی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں