7 News

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز کراچی کنگز نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی ٹیم پنجاب کنگز کے متنازع پروموشنل بینر پر کرارا جواب دے دیا۔ایشیا کپ 2025 میں اتوار کو پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے مقابلے کے حوالے سے اداکارہ پریتی زنٹا کی فرنچائز پنجاب کنگز نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ جاری کی تھی جس میں بھارت کا لوگو نمایاں تھا جبکہ پاکستان کے لوگو کی جگہ خالی چھوڑی ہوئی تھی۔پنجاب کنگز کی جانب سے ایسی پوسٹ جاری کرنے کے بعد شائقین میں غصے کی لہر دوڑ گئی اور اس اوچھی حرکت کو کھیل کی روح کے منافی اور کھیل کے وقار کو مجروح کرنے کے مترادف قرار دے رہے ہیں۔اس صورتحال میں کراچی کنگز نے بھی تخلیقی انداز میں جواب دیا اور سوشل میڈیا پر پوسٹ جاری کی جس میں پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا کو شطرنج کھیلتے دکھایا گیا جبکہ بھارتی کپتان کی تصویر مکمل طور پر سائے میں لپٹی ہوئی تھی۔اسی تصویر میں ٹیبل پر رکھی گھڑی بھی نظر آرہی ہے جس میں پورے 6:00 بجتا ہوا نظر آرہا ہے جو غالباََ اس بات کی طرف اشارہ ہے کہ آپریشن بنیان المرصوص میں پاکستان نے بھارت کے 6 لڑاکا طیارے مار گرائے تھے۔واضح رہے کہ ایشیا کپ 2025 میں پاکستان اور بھارت کے درمیان مقابلہ اتوار کو دبئی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔خیال رہے کہ پاکستان اور بھارت دونوں ہی ٹیمیں بھرپور فارم میں ہیں بھارت نے اپنے پہلے میچ میں متحدہ عرب امارات کو صرف 57 رنز پر آؤٹ کرنے کے بعد ہدف 4.3 اوورز میں حاصل کیا جبکہ پاکستان نے عمان کے خلاف پہلے میچ میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 160 رنز بنا کر حریف ٹیم کو 17 ویں اوور میں 67 رنز پر آؤٹ کردیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *