نواز شریف کی ضمانت کا آخری روز، کل کوٹ لکھپت جیل منتقل ہوجائیں گے

لاہور: سابق وزیراعظم نواز شریف کی ضمانت کا آج آخری روز ہے جس کے بعد وہ کل کوٹ لکھپت جیل منتقل ہوں گے۔

یاد رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کو سپریم کورٹ نے 6 ہفتوں کی ضمانت دی تھی جس کی مدت کل ختم ہورہی ہے۔

سپریم کورٹ سابق وزیراعظم نواز شریف کی ضمانت کی مدت میں توسیع کی درخواست بھی مسترد کرچکی ہے جس کے بعد نواز شریف کل دوبارہ کوٹ لکھپت جیل منتقل ہوجائیں گے۔

مسلم لیگ (ن) کی تنظیم نے فیصلہ کیا ہے کہ سابق وزیراعظم کی صاحبزادی مریم نواز والد سے اظہارِ یکجہتی جلوس کی قیادت کریں گی۔

ن لیگ کی سیکریٹری اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ مریم نواز کل اپنے والد کو رخصت کریں گی اور وہ والد کے ساتھ گاڑی میں موجود ہوں گی۔

مریم اورنگزیب کے مطابق مریم نواز جاتی امراء سے جلوس کی قیادت کرتی ہوئی کوٹ لکھپت جیل تک جائیں گی، وہ آخری حد تک والد کے ساتھ ہوں گی۔

اس حوالے سے مسلم لیگ (ن) کے رہنما آصف کرمانی کا کہنا ہے کہ نوازشریف کی صحت ٹھیک نہیں لیکن اس کے باوجود وہ کل جیل منتقل ہوجائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے کارکن اظہار یکجہتی کیلئے ان کے ساتھ جیل تک جائیں گے۔

دوسری جانب مسلم لیگ ن کے رہنما رانا مشہود کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ کل افطار کے بعد جاتی امرا سے کوٹ لکھپت جیل تک جگہ جگہ کیمپ لگائے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کا کارکن متحرک ہے اور کارکن اپنی محبت سے نکل رہا ہے، پارٹی ان کی کال پر لبیک کہہ رہی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ کل افطار کے بعد نواز شریف جیل جانے کے لیے نکلیں گے، کل لاہور میں لیگی کارکنوں کا ٹھاٹھیں مارتا ہوا سمندر ہوگا۔

یاد رہے کہ 26 مارچ کو سپریم کورٹ نے نواز شریف کو 6 ہفتوں کیلئے طبی بنیادوں پر ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا تھا، بعد ازاں سپریم کورٹ نے سابق وزیراعظم کی ضمانت میں توسیع اور بیرون ملک علاج کیلئے جانے کی درخواستیں مسترد کردیں تھیں۔

خیال رہے کہ نواز شریف العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں احتساب عدالت کی جانب سے دی گئی 7 سال قید کی سزا کاٹ رہے ہیں، انہیں 24 دسمبر 2018ء کو گرفتار کر کے جیل بھیجا گیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں