اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے پاکستان واپسی کا وقت بتادیا

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے پاکستان واپسی کا وقت بتادیا۔

شہباز شریف نے لندن میں جیو نیوزسے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ بجٹ پیش ہونے سے قبل پاکستان پہنچ جائیں گے۔

سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ برطانیہ میں مستقل قیام کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں، آئندہ چند روز میں میڈیکل ٹیسٹ ہونے ہیں، میڈیکل ٹیسٹ کے بعد ڈاکٹروں کی اجازت سے وطن واپس روانہ ہوں گا۔

انہوں نے کہا کہ 8 مئی کو میری کینسر اسپیشلسٹ سے اپائنٹمنٹ ہے، مسلم لیگی کارکنوں کو بدظن کرنے کیلئےمجھ سے متعلق بے بنیاد خبریں اڑائی جارہی ہیں۔

شہباز شریف کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ تین ہفتہ قبل اپنی پوتی سے ملاقات اور طبی معائنہ کرانے لندن آئے تھے۔

خیال رہے کہ مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کے لندن سے وطن واپس نہ آنے سے متعلق چہ مگوئیاں شروع ہوگئی ہیں۔

شہباز شریف علاج کی غرض سے لندن گئے تھے اور اب اطلاعات ہیں کہ ان کے لندن کے قیام میں توسیع ہو گئی ہے۔

شہباز شریف کو 7 مئی کو پاکستان واپس آنا تھا تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ اپنے ذاتی معالج سے مشورے کے بعد انہوں نے لندن میں قیام کو آگے بڑھا دیا ہے۔

مسلم لیگ ن نے شہباز شریف کی جگہ رانا تنویر کو چیئرمین پی اے سی نامزد کر دیا ہے جب کہ شاہد خاقان عباسی قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف ہوں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں