روٹی ،کپڑا،مکان اورآشیانہ والوں نے عوام کو لالی پاپ ہی دیئے 50 لاکھ گھروں کا وعدہ پورہ کریں گے،میاں محمود الرشید

چنیوٹ : پاکستان تحریک انصاف کے وزیر ہاؤسنگ پنجاب میاں محمود الرشید نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان پچاس لاکھ گھروں کا وعدہ ہر صورت میں پورا کریں گے۔ نیاپاکستان ہاؤسنگ اسکیم میں 50 فیصدگھر پنجاب میں بنائیں گے، روٹی، کپڑا، مکان اور آشیانہ کے نعرے لگانے والوں نے عوام کو لالی پاپ ہی دیئے۔

وزیر ہاؤسنگ پنجاب میاں محمود الرشید نے چنیوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم میں چنیوٹ شامل ہے، اڑھائی ہزار یونٹس بنائیں گے۔

میاں محمود الرشید نے کہا کہ نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم کے پچاس فیصد گھر پنجاب میں بنائے جائیں گے، بڑے شہروں میں ڈویلپمنٹ اتھارٹیز کو ایک لاکھ گھروں کا ٹارگٹ دے دیا ہے، فی گھر کی قیمت پانچ لاکھ روپے ہو گی رورل ہاؤسنگ سکیم کے تحت دیہاتوں میں موجود سرکاری اراضی پر پچاس پچاس گھر تعمیر کریں گے۔

وزیر ہاؤسنگ پنجاب میاں محمود الرشید نے کہا کہ دسمبر 2019 تک پانچ لاکھ یونٹ مکمل کریں گے اور پرائیویٹ انویسٹرز کو ساتھ لے کر چلیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ انتہائی غریب لوگوں کیلئے وزیراعظم عمران خان نے پانچ ارب کے قرضے حسنہ کا اعلان کیا ہے جو 1 مارچ سے شروع ہو جائے گا، ماضی میں فیصل آباد چنیوٹ روڈ کو خونی روڈ کہا جاتا رہا، جلد اسے ون وے کریں گے۔

وزیر ہاؤسنگ پنجاب میاں محمود الرشید کا کہنا تھا کہ ہاؤسنگ اسکیم میں بیواؤں کے لیے ڈونرز بلاک بھی بنایا گیا ہے، مخیر حضرات حصہ ڈالیں، یکم جون سے رورل ہاؤسنگ سے بے گھر افراد کے لیے پائلٹ پروجیکٹ شروع ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں